
تہران : عالمی تھنک ٹینکس کی اکثریت نے ایران کے خلاف جنگ میں امریکا اور اسرائیل کی ناکامی پر اتفاق کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق ایران نے اس جنگ میں اسٹریٹجک برتری حاصل کر لی ہے۔ ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی کے سینٹر فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کی ایک تحقیق کے مطابق دنیا بھر کے 80 تھنک ٹینکس کی رپورٹس کا جائزہ لینے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ماہرین کی بڑی تعداد ایران کے خلاف جنگ میں امریکا اور اسرائیل کی ناکامی پر متفق ہے۔ تجزیے میں کہا گیا کہ اگرچہ امریکا اور اسرائیل نے جدید ہتھیاروں کی بنیاد پر عسکری اور ٹیکٹیکل سطح پر کچھ کامیابیاں حاصل کیں۔ لیکن اسٹریٹجک سطح پر وہ اپنے بنیادی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے نہ صرف اپنے سیاسی نظام کو محفوظ رکھا بلکہ اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بھی برقرار رکھا اور کسی قسم کی ہتھیار ڈالنے کی صورتحال پیدا نہیں ہونے دی۔ تحقیق میں مزید کہا گیا کہ ایران نے غیر متوازن اور حکمت عملی پر مبنی جنگ کے ذریعے برتری حاصل کی، خاص طور پر آبنائے ہرمز پر کنٹرول اور مخالف فریق کی ناکامی اس کا اہم پہلو ہے۔ رپورٹ میں جن تھنک ٹینک کا جائزہ لیا گیاہے ان میں بائیس کا تعلق امریکا۔ آٹھ کا برطانیہ اور اٹھارہ کا تعلق یورپی یونین کے ممالک سے ہے۔


































