
غزہ : صیہونی فوج کے غزہ میں رات بھر وحشیانہ حملے جاری رہے۔ جبالیہ میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ بچوں سمیت آٹھ افراد شہید جبکہ کئی زخمی ہوئے۔ رفح میں بھی بموں کی برسات کا سلسلہ جاری رہا۔ کئی مکانات تباہ ہوئے اور پندرہ افراد جان سے گئے۔ چوبیس گھنٹوں میں تریسٹھ افراد شہیدہوئے۔ سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد اکتیس ہزار آٹھ سو کے قریب پہنچ گئی۔اسرائیل کی بمباری نے پورے علاقے میں خوراک کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا ہے۔ امدادی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ ڈیلیوری ٹرکوں پر اسرائیلی سیکیورٹی چیکس نے آبادی تک امداد پہنچنے میں رکاوٹیں پیدا کردی ہیں۔ قحط کے اعلان کے لیے ذمہ دار عالمی ادارہ انٹیگریٹڈ فوڈ سیکیورٹی فیز کلاسیفیکیشن نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کی تقریباً نصف آبادی بھوک سے مر رہی ہے اور باقی لوگ جولائی تک قحط کا شکار ہو سکتے ہیں۔ شمالی غزہ میں خوراک کا بحران سب سے زیادہ شدید ہے۔


































