
غزہ: فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ غزہ میں ساٹھ ہزار کے قریب حاملہ خواتین جنگ کی وجہ سے غذائی قلت اور پانی کی کمی کا شکار ہیں۔ خواتین کے عالمی دن پر جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ حاملہ خواتین میں صحت کی مناسب دیکھ بھال کی شدید کمی ہے۔ خواتین غزہ کی آبادی کا 49 فیصد ہیں۔ جن میں سے بیشتر بچے پیدا کرنے کی عمر میں ہیں۔ ماہانہ پانچ ہزار خواتین گولہ باری اور نقل مکانی کے نتیجے میں سخت، غیر محفوظ اور غیر صحت مند حالات میں بچوں کو جنم دے رہی ہیں۔
ادھر یوم نسواں پر اقوام متحدہ کے ادارے انروا کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ غزہ میں یومیہ 63 خواتین شہید ہورہی ہیں۔ جس میں 37 مائیں ہیں۔ شہید خواتین کی مجموعی تعداد نو ہزار ہوچکی ہے۔ 72 ہزار زخمیوں میں سے 75 فیصد خواتین ہیں جبکہ سات ہزار لاپتہ افراد میں بھی ستر فیصد خواتین اور بچے ہیں۔


































