
غزہ : صیہونی فوج نے غزہ پر وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا۔ جبکہ خان یونس کے شمال میں زمینی کارروائی تیز کردی ہے۔ صیہونی جنگی طیاروں اور ڈرونز نے رات بھر جبالیہ۔ دیر البلا۔ خان یونس اور رفح پر بموں کی بارش جاری رکھی۔ وحشیانہ حملوں میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 316 افراد شہید اور 664 زخمی ہوگئے۔ شہدا کی تعداد سولہ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
صیہونی فوج نے شہریوں کو خان یونس یونس سے انخلا کا حکم دینے کے بعد خان یونس کے شمال میں زمینی کارروائی تیز کردی ہے۔ خان یونس کے اطراف شدید گولہ باری سے عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ ہے۔ صیہونی حملوں کے نتیجے میں غزہ کا بیشتر حصہ ملبے کا ڈھیر بن گیا۔ رہائشی عمارتوں اور مکانات کی تباہی سے اٹھارہ لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے مصر کی سرحد پر واقع رفح شہر میں بھی بڑی کارروائی کی تیاری کرلی ہے۔
صیہونی فوج نے غزہ میں لڑائی کے دوران مزید تین فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔ سات اکتوبر سے اب تک مارے گئے صیہونی فوجیوں کی آفیشل تعداد 401 ہوگئی ہے۔


































