
دمشق: شام کے شہر تدمر میں داعش کے مسلح حملے میں دو امریکی فوجی اور ایک امریکی سویلین مترجم ہلاک ہو گئے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لیں گے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق یہ حملہ داعش کے ایک مسلح فرد نے گھات لگا کر اسوقت کیا جب امریکی فوجی تدمر میں ایک اہم رہنما سے ملاقات کے مشن پر تھے۔ فائرنگ سے تین امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حملہ آور جوابی فائرنگ میں مارا گیا ہے۔
شامی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ امریکی فوجیوں پر فائرنگ کرنے والا شامی سیکیورٹی فورسز کا اہلکار اور شدت پسند نظریات کا حامل تھا۔ شامی حکومت نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے استحکام کے خلاف قرار دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ یہ داعش کا امریکہ اور شام کے خلاف حملہ ہے اور اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔دنیا میں کہیں بھی امریکیوں کو نشانہ بنانے والوں کو ان کا پیچھا کر کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔


































