
پرس: فرانس میں پولیس فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے خلاف پُرتشدد احتجاج پانچویں روز بھی جاری رہا۔ فرانس کے شہر مارسیلی میں پولیس اور فسادیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ مشتعل افراد نے گاڑیوں اور کوڑے دانوں کو بھی آگ لگا دی۔ نوجوانوں نے دکانوں کو لوٹ لیا کئی مقامات پر املاک کو آگ لگا دی اور افسران پر پروجکٹائل پھینکے۔ لیون اور گرینوبل میں بھی لوٹ مار اور فسادات ہوئے۔ دارالحکومت پیرس میں ایک آد واقعات کے علاوہ حالات معمول پررہے۔ ادھر پولیس فائرنگ سے ہلاک نوجوان ناحیل کی پیرس کے مضافاتی علاقے نانٹیرے میں تدفین کردی گئی۔ جنازے میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ وزارتِ داخلہ کے مطابق نوجوان کی تدفین کے بعد پُرتشدد واقعات میں کمی آئی ہے۔ جن شہروں میں ہنگاموں کا خدشہ ہے وہاں سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق مجموعی طور پر آتشزنی کے 2560 واقعات پیش آئے۔ 1350 گاڑیوں، 700 دکانیں، سپراسٹور، ریسٹورنٹ اور بینک لوٹے گئے یا انہیں جلادیا گیا۔ جبکہ 1311 افراد کو گرفتار کیا گیا۔


































