
Smoke rises from an oil storage facility after it appeared to have been struck by an Israeli strike, in Tehran | AP
اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب سمیت اکیس ممالک نے ایران پر اسرائیلی حملوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مسلم ممالک کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسرائیلی جارحیت پورے خطے کے امن کیلئے سنگین نتائج کی حامل ہوسکتی ہے، مشرق وسطیٰ کو جوہری اور دیگر مہلک ہتھیاروں سے پاک بنانے کی ضرورت ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک کی این پی ٹی میں شمولیت پر زور دیتے ہیں جب کہ ہر اس اقدام کی مخالفت کرتے ہیں جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہو۔ مسلم ممالک نے ریاستوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام اور تنازعات کے پرامن حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے حالیہ بحران کا فوجی ذرائع سے کوئی پائیدار حل ممکن نہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی میں موجود جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے، اس طرح کے اقدامات بین الاقوامی قانون اور 1949 کے جینیوا کنونشنز کی خلاف ورزی ہیں، خطے کے مسائل کے حل کیلئے سفارت کاری، مذاکرات اور حسن ہمسائیگی کے اصولوں کی پاسداری واحد قابل عمل راستہ ہے۔


































