
غزہ : اسرائیل نے چار خواتین فوجیوں کے بدلے دو سو فلسطینیوں کو رہا کردیا۔ قیدیوں کی واپسی پر شاندار خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں سینکڑوں افراد فلسطینی پرچم اٹھائے قیدیوں کا خیرمقدم کرنے کیلئے امڈ آئے۔
برسوں سے اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی رہا ہوکر اپنے پیاروں کے پاس پہنچے تو چہرے کھل اٹھے۔ جذبات پر قابو نہ رہا اور بعض قیدیوں کو کندھوں پر اٹھالیا گیا۔ ریڈ کراس کے عملے نے 114 فلسطینیوں کو رام اللہ پہنچایا۔ سولہ غزہ کے علاقے خان یونس جبکہ ستر کو مصر منتقل کیا گیا۔ فلسطینیوں کی رہائی سے پہلے چار اسرائیلی خواتین فوجیوں کوآزاد کیا گیا۔
حماس کے نقاب پوش مزاحمت کاروں نے غزہ سٹی کے چوک پر خواتین فوجیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا۔ ہزاروں کے مجمع اور عالمی میڈیا نے براہ راست حماس کی فتح کے مناظر دیکھے ۔ فلسطینی قیدیوں کے برعکس اسرائیلی خواتین ہشاش بشاش، صحت مند اور بے تحاشا خوش دکھائی دیں۔ وہ ہجوم کو دیکھ کر ہاتھ ہلاتی رہیں۔
حماس نے اس دن کو فلسطینی عوام کے لافانی دنوں میں سے ایک قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ قیدیوں کا تیسرا تبادلہ ہفتے کو ہوگا۔


































