
نیویارک: اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے فلسطین کی جانب سے پیش کی گئی دو قراردادیں منظور کرلیں۔ نو آبادیاتی توسیع کے غیر قانونی ہونے سے متعلق قرارداد کے حق میں چونتیس ممالک نے ووٹ دیا۔ دس نے حصہ نہیں لیا اور تین نے مخالفت کی۔
حق خودارادیت کی قرارداد کی 43 ممالک نےحمایت اور دو نے مخالفت کی۔دو ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ پہلی قرارداد میں کہاگیاہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی نوآبادیاتی طرز عمل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور دو ریاستی حل کے حصول میں رکاوٹ ہے۔ دوسری قرارداد میں فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کی توثیق کی گئی ہے۔قرارداد میں کہاگیاہے کہ مشرقی یروشلم سمیت فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کا قبضہ غیر قانونی ہے اور اسے فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔


































