
لندن : اسرائیل نے برطانیہ کی دو ارکان پارلیمنٹ یوان یانگ اور ابتسام محمد کو حراست میں لے کر ملک بدر کردیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق لیبر پارٹی کے دونوں ارکان پارلیمنٹ دیگر ارکان کے ساتھ لندن سے اسرائیل پہنچی تھیں۔انہیں ایئرپورٹ پر حراست میں لیا گیا اور بعد میں انہیں ڈی پورٹ کردیا گیا۔ فارن سیکریٹری ڈیوڈ لیمی نے ارکان پارلیمنٹ کی حراست پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسرائیلی حکام پر واضح کر دیا ہے کہ یہ برطانوی پارلیمنٹیرینز کے ساتھ سلوک کرنے کا کوئی طریقہ نہیں ۔اور ہم دونوں اراکین پارلیمنٹ سے رابطے میں ہیں اور اُن کو اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانوی حکومت کی توجہ غزہ میں جنگ بندی کی طرف واپسی، خونریزی کو روکنے، یرغمالیوں کی رہائی اور خطے میں تنازعے کے خاتمے کے لیے مذاکرات پر مرکوز ہے۔


































