
جنیوا : اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف کے ترجمان جوناتھن کِرکس نےکہاہے کہ غزہ میں جنگ کی وجہ سے سترہ ہزار کے قریب بچے لاوارث یا اپنے والدین سے جُدا ہوگئے ہیں۔ ویڈیو لنک کے ذریعے جینیوا میں ایک میڈیا بریفنگ میں جوناتھن کِرکس نے کہاکہ ہر بچے کے پاس کسی اپنے کو کھونے اور غم کی دل دہلا دینے والی کہانی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جنگ سے غزہ کے بچوں کی ذہنی صحت شدید متاثر ہو رہی ہے۔بچوں کو مسلسل بے چینی، بھوک کی کمی اور سونے میں مشکل پیش آ رہی ہے اور جب بھی وہ بم دھماکوں کی آواز سنتے ہیں تو وہ چیختے ہیں یا ان پر گھبراہٹ طاری ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریباً تمام بچوں کو کو ذہنی صحت اور نفسیاتی علاج میں مدد کی ضرورت ہے۔ جن کی تعداد دس لاکھ سے زیادہ ہے۔


































