
برسلز: یورپ کی ایک سو چار کمپنیاں اور مالیاتی ادارے غزہ میں جاری فلسطینیوں کی نسل کشی میں مالی معاون نکلے۔ چوبیس یورپی و فلسطینی تنظیموں اور ٹریڈ یونینوں کے اتحاد نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں یورپی اداروں اور 104 کمپنیوں کے درمیان مالی تعلقات کو بے نقاب کیا گیا ہے جو غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی نسل کشی کی جنگ میں شریک ہیں۔
رپورٹ میں ایئر بی این بی، ایمیزون، لاک ہیڈ مارٹن اور دیگر بڑی کمپنیوں کو اسرائیل کی جارحیت میں معاون قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 104 کمپنیوں نے فوجی، سیکیورٹی، ٹیکنالوجی، تعمیرات اور دیگر شعبوں میں اسرائیل کی کارروائیوں کو سہارا دیا۔ ان کمپنیوں میں بی اے ای سسٹمز، کیٹرپلر، گوگل، مائیکروسافٹ اور شیورون شامل ہیں، جو فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کے لیے کلیدی فوجی اور تکنیکی وسائل فراہم کرتی ہیں۔ سب سے بڑے قرض دہندگان میں بی این پی پریباس، ڈوئچے بینک اور بارکلیز شامل ہیں، جو اسرائیل کی غزہ میں جاری تباہی میں مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔


































