
واشنگٹن: امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے غزہ جنگ کے دوران امریکا کے اسرائیل کے ساتھ درجنوں خفیہ معاہدوں کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ رپورٹ کے مطابق امریکا نے اسرائیل کے ساتھ ہتھیاروں کے سو خفیہ معاہدے کیے تاہم اس میں سے صرف دو کو سامنے لایا گیا۔ امریکہ نے خاموشی سے ہتھیاروں کے سودے منظور کیے جن میں اسرائیل کو ہزاروں بم، بنکر چھیدنے والے ہتھیار، چھوٹے ہتھیار اور دیگر مہلک امداد شامل تھی۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ان معاہدوں نے عوامی توجہ حاصل کی کیونکہ بائیڈن انتظامیہ نے ہنگامی اختیار کے تحت معاہدوں کی منظوری کیلئے کانگریس کو نظرانداز کیا۔ بائیڈن انتظامیہ کے سابق سینیئر اہلکار، جیریمی کونینڈک نے کہا کہ یہ بہت کم عرصے میں فروخت کی ایک غیر معمولی تعداد ہے۔


































