
مقبوضہ بیت المقدس : درجنوں صیہونی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بول کر مذہبی رسومات ادا کیں۔حرم قدسی میں یہ دراندازی یہودیوں کے مذہبی تہوار پوریم کی تعطیل کے موقع پر کی گئی۔ درجنوں صیہونی آبادکار فوجی اہلکاروں کی زیر نگرانی حرم قدسی کے احاطے میں گھسے اور رسومات انجام دیں۔ یہ پیش رفت مقبوضہ مغربی کنارے میں انتہا پسند صیہونیوں کی دراندازی کے ممکنہ خطرات کے بارے میں عرب دنیا اور بین الاقوامی برادری کے خدشات کے درمیان کی گئی ہے۔ فلسطین کی وزارت خارجہ نے انتہا پسند یہودی تنظیموں کی جانب سے عید پوریم کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے کی اپیلوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور عالمی برادری خصوصاً امریکہ سے مطالبہ کیا تھا کہ اسے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔


































