
امریکا نے عراق میں موجود فوجیوں کی تعداد میں مزید کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ کے آخر تک 2200 فوجیوں کو نکال لیا جائے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی جانب سے عراق میں موجود اپنی فوج میں کمی کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق عراق میں موجود 2200 فوجیوں کو نکالا جائے گا جس کے بعد عراق میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم ہوکر 3 ہزار رہ جائے گی۔ خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ اعادہ کیا تھا کہ وہ جلد از جلد عراق سے تمام فوجی واپس نکالنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی کمانڈر نے کہا ہے کہ امریکا کچھ ہی ہفتوں میں عراق سے اپنے ایک تہائی سے زیادہ فوجی نکال لے گا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل فرینک میکینزی نے کہا کہ نومبر تک افغانستان میں بھی امریکی فوجی دستوں کی تعداد کم ہو کر 4500 رہ جائے گی۔


































