
امریکہ میں حالیہ صدارتی اتنخابات کے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکاری ٹرمپ کے انتہا پسند حامیوں اورحلقوں کی جانب سے ممکنہ داخلی دہشت گردی کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کے محکمۂ داخلہ کے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس نومبر میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کو مسترد کرنے والے افراد اور گروہوں کی جانب سے دہشت گردی یا تشدد کی کارروائی ہوسکتی ہے۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے پورے امریکہ میں حکومت مخالف انتہا پسندوں کی جانب سے دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ نو منتخب عہدیداروں اور سرکاری تنصیبات پر حملے کئے جا سکتے ہیں۔محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ حملوں کا خدشہ آئندہ کئی ہفتوں تک بر قرار رہ سکتا ہے۔
اس سے پہلے پینٹا گون نے کہا تھا کہ واشنگٹن میں بلائے گئے ہزاروں نیشنل گارڈز مارچ تک دارالحکومت میں موجود رہیں گے۔
واضح رہے کہ 6 جنوری کو سابق امریکی صدر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کانگریس پر بھی حملہ کیا گیا تھا اورامریکی صدر جو بائیڈن نے حلف برداری کے بعد پہلے خطاب میں سفید فام نسل پرستی اور نسلی منافرت کو امریکہ کے لیے بڑا داخلی چیلنج قرار دیا تھا۔


































