
اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ امریکا نے افغانستان میں فساد برپا کیا تو خود بھی سکھ میں نہیں رہے گا، افغانستان میں خانہ جنگی ہوئی تو پاکستان کے تحفظ کیلئے زبردست تیاری ہے، پاک افغان سرحد پر 80فیصد باڑ لگ چکی ہے ایک ماہ میں کام مکمل کرلیں گے، افغان طالبان کو ٹی ٹی پی کو سمجھانا ہوگا، جیسے ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں اسی طرح طالبان کو بھی افغانستان سے ٹی ٹی پی سمیت کسی قوت کو پاکستان میں مداخلت کی اجازت نہیں دینی چاہئے، افغانستان میں جو کچھ ہونے جارہا ہے اس کا ہمیں پہلے سے عندیہ تھا، عمران خان نے مشرف دور میں بھی کہا تھاکہ یہ غلط ہورہا ہے، افغان طالبان کیخلاف تاجکوں، ہزارہ برادری اور ازبکوں کو اکٹھا کیا جارہا ہے، پاکستانی حکومت اور ایجنسیاں اپنی سرزمین افغانستان کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔


































