
کمیونزم کا شیرازہ بکھر چکا ہے اور مغربی تہذیب پر استوار لبرل ازم بھی زوال کی دہلیز پر پہنچ چکا ہے، اتحاد ہی امت اسلامیہ کی مصلحت کا تقاضہ ہے
حج ان سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں طاقت کا مظاہرہ ہے جو بد عنوانی، ظلم اور کمزروں کے قتل عام اور لوٹ مار میں مصروف ہیں،پیغام حج
تہران (نیوز ڈیسک) ولی امر المسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا کی خطے میں موجودگی کو مغربی ایشیا کے عدم استحکام ،تباہی اور پسماندگی کی جڑ قرار دیا ہے ، انہوں نے امریکا اور اسرائیل کیخلاف مسلمانوں کے اتحاد پرزور دیا، عازمین حج کے نام پیغام میں ولی امر المسلمین نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح بلکہ ہر دور سے زیادہ، اتحاد ہی امت اسلامیہ کی مصلحت کا تقاضہ ہے، ایسا اتحاد جو دشمنوں کے مقابلے میں ید واحدہ بن کر شیطان مجسم یعنی جارح اور خیانت کار امریکا اس کے پالتو کتے اسرائیل پر برس پڑے اور اس کی خودسری کے سامنے ڈٹ جائے، آیت اللہ خامنہ ای نے مسلم امہ پر بھروسہ کرنے کے بجائے دشمن کی گود میں جا بیٹھنے والے بعض مسلمان حکمرانوں کو نصحیت کی کہ وہ اس کام سے باز آجائیں اور اس کے تلخ نتائج پر غور کریں ،انہوں نے لبرل ازم کے زوال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ کمیونیزم اور لبرل ازم جو مغربی تمدن کا اہم ترین تحفہ شمار ہوتا تھا، نگاہوں سے گرگیا ہے اور اس کے لاعلاج نقائص کھل کر سامنے آگئے ہیں، کمیونزم کا شیرازہ بکھر چکا ہے اور مغربی تہذیب پر استوار لبرل ازم بھی عمیق بحرانوں میں مبتلا اور زوال کی دہلیز پر پہنچ چکا ہے۔،انہوں نے امریکا میں جاری نسل پرستی اور امریکی پولیس کے تشدد آمیز رویئے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کمزور قوموں کے ساتھ امریکی سلوک کی عکاسی، امریکی پولیس کے تشدد آمیز رویئے میں ہوتی ہے جس میں نہتے سیاہ فام کی گردن کو گھٹنے سے اتنا دبایا جاتا ہے کہ اس کی جان چلی جائے،ولی امر مسلمین نے سالانہ پیغام میں حج کو عالم اسلام کی عزت و عظمت کا جلوہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس سال ہمارے دل کعبے سے دوری کے احساس میں غمزدہ ہیں لیکن یہ دوری عارضی ہے اور خداوند تعالی کے فضل و کرم سے جلد ختم ہوجائے گی ،انہو ں نے حج کو امت مسلمہ کی قوت و توانائی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہاکہ حج ان سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں طاقت کا مظاہرہ ہے جو بد عنوانی، ظلم اور کمزوروں کے قتل عام اور لوٹ مار میں مصروف ہیں اور آج امت مسلمہ ان کے ظلم اور خباثتوں سے آزردہ ہے اور اس کا پیکر خون آلود ہے


































