
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ امریکہ اور ترکی، دہشتگردوں اور علیحدگی پسند گروہوں کی حمایت کر رہے ہیں اور شام کے عوام کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کر کے اس ملک کی دولت کو لوٹ رہے ہیں۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق بشار الجعفری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکی وزیر خارجہ مائک پمپیو کے مقبوضہ جولان کے دورے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جولان کی صہیونی کالونیوں میں مائک پمپیو کا دورہ اس علاقے کی سیاسی، قانونی اور جغرافیائی پوزیشن اور حیثیت کو بدل نہیں سکتا اس لئے کہ یہ علاقہ شام کا جزو لاینفک ہے۔
اس سے قبل شام کی حکومت نے مقبوضہ جولان کی صہیونی کالونیوں میں مائک پمپیو کے دورے کی شدید مذمت کی تھی۔ شام کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایسے وقت میں جب ٹرمپ کا دور صدارت ختم ہو رہا ہے مائک پمپیو کا یہ دورہ، شام کے اقتدار اعلی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
اُدھر عرب لیگ کے سربراہ احمد ابوالغیظ نے بھی امریکی وزیر خارجہ کے غرب اردن اور مقبوضہ جولان میں صہیونی کالونیوں کے دورے کی مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائک پمپیو نے جمعرات کو غرب اردن میں صہیونی کالونیوں کا دورہ کیا اور اس کے بعد شام کے مقبوضہ جولان کی جانب روانہ ہوگئے۔ فلسطینی گروہوں نے بھی امریکی وزیر خارجہ کے اس جارحانہ اقدام کے خلاف احتجاج کیا ہے۔


































