
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے ڈیموکریٹس اراکین سے کہا ہے کہ وہ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی کا جائزہ لینے کے لئے واشنگٹن واپس پہنچ جائیں۔
امریکی کانگریس کے انفارمیشن سیل نے رپورٹ دی ہے کہ ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے تمام ڈیموکریٹ اراکین سے کہا ہے کہ وہ رواں ہفتے واشنگٹن میں موجود رہیں اور امریکہ کے موجودہ صدر ٹرمپ کا مواخذہ کرنے کے سلسلے میں آمادہ رہیں۔ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے ڈیموکریٹ اراکین کے نام اپنے مراسلے میں لکھا ہے کہ ہم قانون اور آئین کے ماہرین کے ساتھ نشستوں کی تیاری کر رہے ہیں اور آپ تمام اراکین سے درخواست کی جاتی ہے کہ واشگٹن واپس پہنچیں تاکہ صدر ٹرمپ کے مواخذے سے متعلق شق کا جائزہ لیکر تیاری کی جا سکے۔
سینیئر ڈیموکریٹ رکن کانگریس ٹڈ لیؤ نے بھی اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹ اراکین، پیر کے روز ایک قانون کے تحت امریکہ کے موجودہ صدر ٹرمپ کے مواخذے کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کے اب تک ایک سو اسّی ارکان کی جانب سے ٹرمپ کے مواخذے کی حمایت کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب نیویارک کے میئر نے کہا ہے کہ ٹرمپ ایک ایسے بد دیانت صدر ہیں کہ جن کا دماغی توازن بگڑ چکا ہے۔ بل ڈی بلازیو نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے امریکی کانگریس پر کئے جانے والے حملے سے کانگریس کے اراکین کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا تھا جبکہ ٹرمپ نے اپنے تشدد پسند طرفداروں کی بھرپور حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ٹرمپ کو فوری طور پر اقتدار سے علیحدہ ہو جانا چاہئے اس لئے کہ جو غدار بن چکا ہے، جس کا دماغی توازن بگڑ چکا ہے اور جس نے امریکی کانگریس کی عمارت پر حملہ کروایا ہے، امریکی ایٹمی ہتھیاروں کا اختیار اس کے ہاتھ میں نہیں ہونا چاہئے‘‘۔


































