
افغانستان میں فوجی گاڑی کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کمانڈر سمیت 4 اہلکار جاںبحق ہو گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے بلخ میں سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ میں فوجی گاڑی میزائل لگنے سے تباہ ہو گئی جس کے نتیجے میں شاہین کور کے کمانڈر نصرت اللہ یامین اور تین اہلکار جاں بحق ہو گئے۔شاہین کور کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ بلخ کے ایک گاؤں میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری تھا، جس کے دوران مسلح افراد کی جانب سے میزائل اور گولے داغے گئے جو فوجی گاڑی پر لگے۔ میزائل لگنے سے فوجی کمانڈر کی ہلاکت کے بعد فوج اور پیراملٹری فورس کی مزید نفری کو تعینات کر دیا گیا ہے اور آپریشن کلین اپ جاری ہے، تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔


































