
نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی تقریب حلف برداری کے لیے واشنگٹن ڈی سی میں غیر معمولی سیکیورٹی کے انتظامات کر دیے گئے ہیں۔
ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے ممکنہ مسلح احتجاج کے خدشات پر پورے شہر میں 25 ہزار پولیس اہلکار اور نیشنل گارڈز تعینات کیے گئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس اور کیپٹل بلڈنگ کے اطراف میں خاردار تاریں اور رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں، شہر کے ہائی سیکیورٹی الرٹ والے علاقوں میں صرف ان ہی لوگوں کو جانے کی اجازت ہوگی جن کے پاس تقریب حلف برداری کے پاسز ہوں گے۔
درایں اثناء امریکی فوج کے دو اہلکاروں کو شدت پسند دائیں بازوں کے گروہوں سے ممکنہ روابط کے شبہ کی بنیاد پر نو منتخب صدر کی تقریب حلف برداری کی حفاظت سے ہٹا دیا گیا ہے۔ بعض حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر تصدیق کی ہے کہ دو گارڈز کو اپنے سیاسی و نظریاتی روابط کی وجہ سے نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری کی سیکیورٹی سے ہٹایا گیا ہے۔


































