
ایکنک نے گلگت بلتستان کے دو اہم منصوبوں کی منظوری دیدی۔ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ہونے والے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں گلگت تا شندور ایکسپریس وے اور استور ویلی روڈ تھلیچی تا شونٹر کی منظوری دیدی گئی۔ گلگت شندور ایکسپریس وے منصوبے پر 49 ارب 96 کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ استور ویلی روڈ منصوبے کی لاگت 19 ارب 27 کروڑ روپے ہوگی۔ وزیر اعلیٰ جی بی کے ترجمان علی تاج کے مطابق دوسرے میگا منصوبوں کی بھی ایکنک سے منظوری متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذر ایکسپریس وے اور استور ویلی روڈ سمیت دیگر منصوبوں کی تیاری سے لیکر ہر فورم سے منظوری تک تمام مراحل کی وزیراعلی خالد خورشید نے ازخود پیروی کی اور یقینی بنایا کہ ان کی منظوری کے تمام ضروری امور معیار کے مطابق وقت پر تیار ہوں۔


































