
یمنی فوج نے جیزان، نجران اور عسیر میں واقع سعودی فوجی ٹھکانوں، حساس مراکز اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا، حملے میں سعودی جارحین کو بھاری نقصان
محاصرہ ختم نہ کیا گیا تو مزید حملوں کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں،یمنی فوجی ترجمان، یمن میں رہائشی علاقے پر ہونے والی جارحیت میں 10 یمنی شہری شہید
صنعاا(نیوز ڈیسک)یمن سے ڈرون اور میزائل حملے نے سعودی حکام کے ہوش اڑا دیئے ، یمنی فوج نے وسیع جوابی کارروائی میں جیزان، نجران اور عسیر میں واقع سعودی فوجی ٹھکانوں، حساس مراکز اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنایا ، ڈرونز نے صوبے عسیر کے علاقے خمیس مشیط میںملک خالد ائیر بیس پر بھی وار کیا، ان حملوں میں سعودی جارحین کو نقصان پہنچا ،کئی فوجی ٹھکانے تباہ ہوگئے اور فوجی سازوسامان برباد ہوگیا جبکہ سعودی فوجی ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بھی حملے کی تصدیق کی تاہم انہوں نے اپنے دعوے کو دہرایاکہ اینٹی میزائل سسٹم نے ڈرونز اور میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا، ان سے کوئی نقصان نہیں پہنچا، دوسری جانب سعودی اتحاد کی یمن کے علاقے حجہ میں رہائشی علاقے پر ہونے والی جارحیت میں 10 یمنی شہری شہید ہو گئے،حملے میں متعدد زخمی ہو گئے اور رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا، یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحیی سریع نے کامیاب آپریشن کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون نے خمیس مشیط ایئربیس میں جنگی طیاروں کے شیڈ اور پیٹریاٹ ڈیفنس سسٹمز سمیت ابہا، جیزان اور نجران کے ہوائی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا ، جیزان کے اندر واقع تیل کی بڑی تنصیبات کو بھی نشانہ بنا کر ناکارہ کر دیا گیا،یہ جوابی کارروائی سخت ترین سرحدی محاصرے اور "حجہ” و "تنومہ” پر ہونے والے سعودی حملوں کا جواب ہے،اگر محاصرہ ختم نہ کیا گیا تو مزید حملوں کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں


































