
امریکی دباوَ پر سعودی عرب نے قطر سے سمجھوتے کیلئے 13شرائط کو کم کرکے چار بنیادی شرائط رکھی تھیں ، قطر نے اس پر کسی قسم کی آمادگی کا اظہار نہیں کیا
عرب امارات نے قطر اوربحرین کے درمیان مصنوعی کشیدگی پیدا کرکے مفاہمت کے سمجھوتہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس سے سمجھوتہ نہ ہوسکا،خلیج ٹائمز
دوحہ (نیوز ڈیسک) قطر اور خلیجی ممالک کے درمیان مفاہمتی سمجھوتہ کی تازہ ترین کوشش ناکام ہوگئی ،مصر نے اعتراف کیاکہ کویت کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کیلئے چار عرب ممالک اور قطر کے درمیان ثالثی کی تازہ ترین کوششوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا،امریکی دباوَ پر سعودی عرب نے قطر سے سمجھوتے کیلئے 13شرائط کو کم کرکے چار بنیادی شرائط رکھی تھیں جن میں میڈیا کمپنی الجزیرہ اور ترکی کے فوجی اڈے کی بندش، مصر کی تنظیم اخوان المسلمین سے تعلقات کا خاتمہ اور ایران کے ساتھ روابط کم کرنا شامل ہیں ،تاہم قطر نے اس پر کسی قسم کی آمادگی کا اظہار نہیں کیا، مصر کے صدارتی ترجمان بسام ریڈی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ معاملات بدلیں گے جب قطر ان مطالبات کا جواب مخلصی اور مضبوط سیاسی خواہش کے ساتھ دے گا،تنازع کے حل کی کوشش پر مصر کویت کا شکریہ ادا کرتا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ عرب ممالک کے درمیان فاصلہ کم ہوگا، مصر عرب تعاون کے لیے ہر وقت کام کر رہا ہے،ادھر عرب اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق مصر اور عرب امارات نے سعودی عرب کی جانب سے قطر کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی کوشش پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا،مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور ابوظبی کے ولی عہد محمد بن زائدنے قطر سے تعلقات کی بحالی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا، جس میں واضح کیا گیا کہ قطر سے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم نہیں کیا جائے گا،اخبار کے مطابق عرب امارات نے قطر اوربحرین کے درمیان مصنوعی کشیدگی پیدا کرکے مفاہمت کے سمجھوتہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اسی کشیدگی کی وجہ سے مفاہمت کی حالیہ کوششیں ناکام ہوگئیں۔


































