
کیف: یمن میں بچوں کو موت کے منہ میں دھکیلنے والے سعودی عرب کو یوکرینی عوام کا دکھ ستانے لگا۔ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان یوکرینی دارالحکومت کیف پہنچے اور یوکرین کے ساتھ ایک معاہدے اور مفاہمت کی ایک یادداشت پر دست خط کردئے جس کے تحت سعودی عرب جنگ زدہ ملک کو انسانی امداد کے طورپر 40 کروڑ ڈالر نقدی یا مصنوعات کی شکل میں مہیّا کرے گا۔ 10 کروڑڈالر مشترکہ تعاون پروگرام کے تحت انسانی امداد کیلئے دئے جائیں گے۔ جبکہ سعودی فنڈ برائے ترقی یوکرین کی 30 کروڑ ڈالر مالیت کی تیل کی مصنوعات کی شکل میں مالی اعانت کرے گا۔اس امدادی پیکج کا اعلان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گذشتہ سال اکتوبر میں یوکرین کے صدر سے فون پر بات چیت کے بعد کیا تھا۔ سعودی وزیرخارجہ نے یوکرین کے صدرولادی میرزیلنسکی سے کیف میں ان کی صدارتی رہائش گاہ پرملاقات کی۔ جبکہ اپنے ہم منصب دمترو کلیبا اورصدر کے دفتر کے سربراہ آندرے یرماک سے بھی ملاقات کی۔سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امورکے علاوہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا ہے۔


































