
ریاض : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان شاہی محل میں ملاقات ہوئی دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں اسٹریٹیجک شراکت داری کو فروغ دینے کے طریقوں اور خطے و دنیا سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ کا ریاض آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔ سعودی ولی عہد استقبال کیلئے خود ایئرپورٹ پہنچے۔ صدر کے طیارے سے باہر آنے کے موقع پر بینڈ نے دھنیں بجائیں اور اُن کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ بعد ازاں ہوائی اڈے کے استقبالیہ ہال میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی صدر کے درمیان مختصر ملاقات ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں نے خوشگوار ماحول میں گفتگو کی اور سعودی قہوے سے تواضع کی گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مشرق وسطیٰ کے دورے کو تاریخی قرار دیا جو غزہ پر فوری سفارتکاری کو بڑے کاروباری معاہدوں کے ساتھ ملا دے گا۔


































