
جامشورو :شیعہ علماء کونسل نے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے اور کراچی میں طاقت کامظاہرہ کرنے کافیصلہ کیا ہے یہ فیصلے کونسل کی سندھ کابینہ کے اہم اجلاس میں کئے گئے یہ اجلاس صوبائی صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی کی صدارت جامع مسجد سجادیہ جامشورو میں ہوا اجلاس میں بلدیاتی انتخابات، اربعین کے موقع پر صوبے بھر میں عزاداران امام حسین علیہ السلام پر کاٹی گئی ایف آئی آرز سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت اور فیصلے کیے گئے۔اس موقع پر تمام شرکاء نے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقع پر کاٹی گئی بے بنیاد ایف آئی آرز سمیت دیگر مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں تشیع کی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائیگا، اس اجتماع کی تاریخ اور جگہ کا اعلان آئندہ چند روز میں صوبائی صدر کی جانب سے کیا جائیگا۔اجلاس میں ملک میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور حکومت کی نااہلی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت کے خلاف بھرپور عوامی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا ارادہ کیا گیا۔


































