
ماسکو: روس کے ضم شدہ علاقے کریمیا پر یوکرین کے ڈرون حملے میں دس آئل ٹینکر تباہ ہوگئے۔ یوکرین نے کریمیا کے شہر سواستوپول میں تیل کے ڈپو کو ڈرونز سے نشانہ بنایا۔ تیل ڈپو پر ڈرون حملے سے آگ بھڑک اٹھی جس پر قابو پا لیا گیا ہے۔ گورنر میخائل ریزفوژائیف نے کہا کہ دشمن کے دو ڈرونز نے تیل کے ڈپو پر حملہ کیا، تیسرے ڈرون کو فضا میں ہی مار گرایا تھا جبکہ چوتھے کو غیر فعال کر دیا گیا۔ حملے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی سواستوپول کو تیل کی سپلائی متاثر ہو گی۔ دوسری جانب یوکرینی حکام نے حملہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے واقعہ کو قدرتی آفت قرار دیا ہے۔ یوکرینی ملٹری انٹیلیجنس کے ترجمان نےکہاکہ تیل کے ڈپو میں لگنے والی آگ اومان میں پانچ بچوں کے قتل پر خدا کی طرف سے سزا ہے۔ یوکرینی فوج نے روس کے برائنسک علاقے کے ایک گاؤں پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ گولے گرنے سے ایک عمارت مکمل تباہ جبکہ دو مکانات کو نقصان پہنچا۔


































