
2022 کئی خوشیاں اور غم دیکر رخصت ہوگیا۔ اس سال جس واقعہ نے پوری دنیا کو متاثر کیا وہ یوکرین جنگ ہے۔ روس کی یوکرین پر چڑھائی سے دنیا میں گیس اور تیل کا بحران پیدا ہوا جبکہ خوراک کی قلت کے سبب اس کی قیمتیں آسمان پر جاپہنچیں۔ سری لنکا کا معاشی بحران بھی سال کی بڑی خبر رہا۔ ملکہ الزبتھ دوم کے 96 برس کی عمر میں انتقال سے برطانیہ میں کسی بھی بادشاہ کے طویل ترین دور حکومت کا خاتمہ ہوا۔ جاپان میں سابق وزیراعظم شنزو ایبے کا قتل بھی 2022 کا بڑا واقعہ رہا۔ شاتم رسول مصنف سلمان رشدی نیویارک میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہوا، ہندوستان میں پہلی بار خاتون صدر دروپدی مرمونے حلف اٹھایا۔ جبکہ برطانیہ میں پہلی بار ہندوستانی نژاد رشی سوناک وزیراعظم بننے میں کامیاب رہے۔ چین میں صدر شی جن پنگ نے تیسری مدت کیلئے حلف اٹھا کر تاریخ رقم کردی۔ یورپ بدترین ہیٹ ویو کا شکارہوا۔ فرانس، جرمنی، اسپین اور برطانیہ میں درجہ حرارت چالیس ڈگری تک پہنچا اور سینکڑوں افراد کی جان لے گیا۔ ہندوستان کی ریاست گجرات میں پل گرنے سے 135 افراد کی جان گئی۔ سال کے آغاز میں بیشتر ممالک نے کورونا سے متعلق پابندیاں ختم کردیں۔ جبکہ سال کے اختتام پر چین میں کورونا کی نئی لہر نے پھر سراٹھالیا۔ ارجنٹینا کا 26 سال بعد فٹبال ورلڈ کپ جیتنا کھیلوں کی سب سے بڑی خبر رہی۔


































