
تل ابیب: اسرائیل میں مظاہرین نے عدالتی اصلاحات کا بل منسوخ کرنے تک سڑکوں پر رہنے کا اعلان کردیا۔اسرائیل میں احتجاجی تحریک کے قائدین نے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا عدالتی اصلاحات موخر کرنے کا اعلان مسترد کردیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ نیتن یاھو نے عوامی دباؤ ٹالنے کیلئے ترامیم کو عارضی موخر کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن درحقیقت وہ ترامیم سے دستبرداری کا کڑوا گھونٹ پینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ احتجاجی تحریک کے اہم رہنماؤں میں سے ایک شکما بریسلر نے کہاکہ جب تک قانون سازی جاری رہتی ہے اور اسے روکا نہیں جاتا، ہم سڑکوں پر ہوں گے۔ بریسلر نے کہا کہ نیتن یاہو اور ان کے اتحادی ساتھی اگلے پارلیمنٹ سیشن میں اپنے آمرانہ قوانین کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس سے پہلے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے حکومت اور اپوزیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ مجوزہ عدالتی اصلاحات پر سمجھوتہ کرنے کے لیے فوری مذاکراتی عمل شروع کریں۔ اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے کہا کہ یہ معطلی عارضی ہے نیتن یاہو نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ اب سے ایک ماہ کے اندر ترامیم منظور کر لی جائیں گی ۔


































