
سڈنی : سڈنی کے بونڈائی بیچ پر حملے کے ملزمان کا فوجی تربیت کیلئے فلپائن کے دورے کا انکشاف ہوا ہے۔ ساجد نے انڈین جبکہ نوید نے آسٹریلوی پاسپورٹ پر سفر کیا۔
فلپائن امیگریشن بیورو نے تصدیق کی ہے کہ ساجد اور نوید اکرم یکم نومبر کو فلپائن پہنچے اور اٹھائیس نومبر کو واپس روانہ ہوئے۔ پولیس دونوں باپ بیٹے کے دورہ فلپائن کی تحقیقات کررہی ہے۔ دونوں نے اپنی آخری منزل عسکریت پسندوں کے گڑھ جزیرہ منڈاناؤ کے شہر داواؤ کو بتایا تھا۔
آسٹریلوی پولیس کے مطابق ملزمان داعش کے نظریات سے متاثر تھے۔ ان کی گاڑی سے داعش کے جھنڈے اور دیسی ساختہ بم ملے ہیں۔ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا ہے کہ بنیاد پرست اسلامی نظریات دنیا بھر کی طرح آسٹریلیا کیلئے بھی ایک مسئلہ ہیں۔ حکومت اسے غیر قانونی قرار دینے والی قانون سازی کرتی ہے۔ انہوں نے بونڈائی واقعہ کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے سے جوڑنے کے اسرائیلی وزیراعظم کے دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا۔


































