
خرطوم : سوڈان میں چوبیس گھنٹے کی جنگ بندی پر عملدرآمد کے بعد دارالحکومت خرطوم میں خاموشی چھاگئی۔ سعودی عرب اور امریکا کی ثالثی میں سوڈانی مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان گذشتہ روز 24 گھنٹے جنگ بندی کا ایک اور معاہدہ طے پایا تھا۔ جس پر ہفتہ کی صبح چھ بجے سے عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔ جنگ بندی کے دوران دونوں فریق عام افراد تک انسانی امداد پہنچانے میں تعاون فراہم کریں گے۔ ادھر ریاض اور واشنگٹن نے سابقہ جنگ بندی معاہدوں کی عدم تعمیل کی وجہ سے سوڈانی عوام کی مایوسی کی حالت پر تشویش کا اظہار کیا۔ اور کہا کہ اگر سوڈان میں تنازعہ کے دونوں فریق جنگ بندی کی پابندی نہیں کرتے ہیں تو ہم جدہ مذاکرات کو ملتوی کرنے پر مجبور ہیں۔ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک دونوں متحارب گروپ 12 مرتبہ جنگ بندی تک پہنچے ہیں، مگر گزشتہ ماہ جدہ میں شروع ہونے والی بات چیت کے باوجود تمام معاہدوں کی خلاف ورزی کی گئی اور یہ زیادہ دیر تک نہیں چل سکے۔


































