
نئی دہلی : ہندوستان میں کانگریس رہنما راہل گاندھی کو ہتک عزت کیس میں سزا کے بعد نااہل قرار دے دیا گیا۔ راہول گاندھی کو گذشتہ روز سورت کی سیشن کورٹ نے ہتک عزت کیس میں دو سال قید کی سزا سنائی تھی اور 15 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ قانون کے مطابق سزا کے بعد رکن اسمبلی کو رکنیت گنوانا پڑتی ہے۔ لوک سبھا کے اسپیکر نے گذشتہ روز ہی راہول کی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا ۔ جس پر آج سیکریٹریٹ نے پارلیمانی رکنیت ختم کرنے کیلئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ راہل گاندھی کیرالا کے علاقے وائناڈ سے رکن منتخب ہوئے تھے۔ کانگریس رہنما نے 2019 میں انتخابی ریلی کے دوران مودی کے خاندانی نام کا مذاق اڑایا تھا۔ کانگریس نے ردعمل میں کہا ہے کہ راہل گاندھی آپ کے اور اس ملک کے لیے لگاتار سڑک سے پارلیمنٹ تک لڑ رہے ہیں۔ جمہوریت کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ ہر سازش کے باوجود وہ یہ لڑائی ہر قیمت پر جاری رکھیں گے اور اس معاملے میں قانونی کارروائی کریں گے۔


































