
تہران : ایرانی صدر سید ابراہیم رئيسی نے کہاہے کہ غزہ کے مظلوم اور ثابت قدم عوام کی بھرپور مزاحمت اور استقامت سے فلسطین صرف عالم اسلام کا مسئلہ نہیں رہا ہے بلکہ عالم انسانیت کا مسئلہ بن چکا ہے۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ملاقات میں ابراہیم رئیسی نے کہاکہ پوری دنیا کے عوام غاصب و جابر صیہونی حکومت اور اس کے اصل حامی امریکہ سے نفرت اور غزہ کے مظلوم عوام سے محبت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج پوری دنیا پر مسئلہ فلسطین کی حقانیت ثابت ہوگئی اور ایران سمیت فلسطین کے حامیوں کا موقف یہ ہے کہ صیہونی حکومت ناجائز، جرائم پیشہ اور امن کی مخالف ہے اور پورے خطے میں بدامنی اسی کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج حماس اور فلسطینی استقامتی محاذ میں شامل دیگر فلسطینی تنظیموں نے اپنی دلیری، شجاعت اور مجاہدت کی حقانیت پوری دنیا پر ثابت کردی ہے اور یہ کہ اس میں دو رائے نہیں کہ حتمی فتح فلسطینی عوام کی ہوگی اور شکست صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کا مقدر بنے گی۔ اسماعیل ہنیہ نے غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں استقامت اور مجاہدت میں ایرانی عوام اور حکومت کی بھرپور حمایت کی قدردانی کی اور شکریہ ادا کیا۔


































