
صنعا: یمن کی اعلیٰ سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نےکہا ہے کہ سعودی عرب سے ہمارے مطالبات غیر معمولی نہیں ہیں اور ہم فضائی حدود کی آزادی، محاصرے کے خاتمے اور تیل و گیس کی آمدنی سے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ادا کئے جانے کے خواہاں ہیں۔ اور یہ مطالبات نہیں بلکہ یمنی قوم کے حقوق ہیں۔انہوں نے کہاکہ یمن صرف جنگ بندی ہی نہیں بلکہ جنگ کا مکمل خاتمہ چاہتا ہے۔ محمد علی الحوثی نے کہا کہ راہ حل کے طور پر مختلف مسائل پر گفتگو ہوئی ہے تاہم اس بات کو ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے کہ محاصرے کی بنا پر یمنی قوم کو سزا دیئے جانے کا سلسلہ بند اور دیگر انسانی امور انجام دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاراللہ کا خیال ہے کہ یمنی قوم کو آزادانہ فیصلے کرنے کی اجازت دی جائے اور انصاراللہ یمنی قوم کو دولت و اقتدار میں حصے دار بنانے کے لئے تیار ہے جبکہ سعودی عرب کے ساتھ حالیہ مذاکرات میں انسانی امور پر گفتگو کی گئی ہے اور اس سلسلے میں موثر اقدامات عمل میں لائے جانے کی ضرورت ہے۔


































