
کراچی : بجلی کے بھاری بلوں، ٹیکسز اور مہنگائی کے خلاف جماعتِ اسلامی کی اپیل پر کامیاب ہڑتال کی گئی۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں کاروبارِ زندگی معطل، بازار اور دکانیں بند رہیں۔ تاجر تنظیموں نے بھی آج کی ہڑتال کی حمایت کی تھی۔ اسلام آباد انتظامیہ نے احتجاج کے پیشِ نظر ریڈ زون کی طرف جانے والے راستوں کو کنٹینر رکھ کر بند کر دیا۔ کراچی میں صبح سویرے اورنگی ٹاؤن، منگھو پیر خیرآباد، شیرشاہ اور نیو کراچی میں احتجاج کیا گیا، اورنگی ٹاؤن، منگھوپیر اور نارتھ ناظم آباد میں مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کسی صورت تاجروں کے دباؤ میں نہیں آئے گی، ریٹیلیرز کو ہر صورت ٹیکس نیٹ میں آنا پڑے گا۔ اگر تاجروں کو لگتا ہے ہم غلط کر رہے ہیں تو دوبارہ بیٹھ سکتے ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کو ایف بی آر کی تنظیم نو کرنی ہے، ریٹیل سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہوگا۔


































