
پشاور: مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی جنرل سیکریٹری شبیر ساجدی نے کرم میں صدہ بائی پاس مسافر گاڑی پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے اور بہیمانہ واقعے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہفتہ میں پاراچنار کے مسافروں پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
اس سے قبل بھی کئی بار گاڑیوں پر پتھراؤ اور فائرنگ کے واقعات ہو چکے ہیں۔ لیکن افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت ان مٹھی بھر دہشتگردوں کو لگام دینے میں ناکام ہے اور ان کے خلاف آج تک کسی بھی قسم کی کارروائی سے گریز کیا۔ انتظامیہ کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے باعث پاراچنار کے عوام میں سخت بے چینی پائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی عہدیداران صرف زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے دہشتگردوں کے خلاف عملی طور پر سخت کارروائی کریں۔


































