
میکسیکو: میکسیکو میں پناہ گزین مرکز میں آگ لگنے سے 40 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔ امریکا کی سرحد پر قائم پناہ گزین کیمپ میں آگ اچانک لگی اور کیمپ کے بڑے حصے کو لپیٹ میں لے لیا۔ کیمپ میں دو سو سے زائد پناہ گزین مقیم تھے۔ اس کیمپ میں امریکا میں داخلے کی کوشش کے دوران پکڑے جانے والے افراد کو اس پناہ گزین مرکز میں رکھا جاتا ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، کچھ زخمیوں کا جائے وقوعہ پر طبی عملے نے علاج کیا اور دیگر کو قریبی اسپتالوں میں علاج کے لیے لے جایا گیا۔ دس سے زائد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ آگ لگنے کے باعث پیدا ہونے والی کاربن مونو آکسائیڈ گیس کے زہریلے دھویں سے سو سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔


































