
اسلام آباد : مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں انتخابی اصلاحات بل،الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کرنے کی ترمیم سمیت 29 بلز منظور کرلیے گئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرِ صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ مشیرِ پارلیمانی امور بابر اعوان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر رائے شماری کے لیے ترمیمی بل ایوان اور الیکشن ایکٹ دوسرا ترمیمی بل منظوری کے لیے پیش کر دیا۔ اجلاس نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظور کر لیا سمندر پار پاکستانیوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے ووٹنگ کا حق اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا بل بھی منظور کر لیا گیا۔بھارتی جاسوس کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے سے متعلق بل بھی مشترکہ اجلاس میں منظور کر لیا گیا احتجاج اور نعرے بازی کے دوران مختلف بل منظور کیئے جانے پر متحدہ اپوزیشن نے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا۔ اجلاس کے دوران انتخابات ترمیمی بل 2021ء پیش کرنے کی تحریک پر ووٹنگ ہوئی جس کے دوران یہ تحریک کثرتِ رائے سے منظور کر لی گئی۔ انتخابات ترمیمی بل 2021ء پیش کرنے کی تحریک کے حق میں 221 اور مخالفت میں 203 ووٹ آئے اس سے قبل حکومت اور اپوزیشن کے آئینی ماہرین نے اسپیکر ڈائس پر مشاورت کی۔ فروغ نسیم، رضا ربانی، اعظم نذیر تارڑ اور شیری رحمٰن کی آپس میں مشاورت ہوئی، اس دوران انتخابات ترمیمی بل تحریک پر گنتی ہوتی رہی۔اس تمام عمل کے بعد اسپیکر اسد قیصر نے اجلاس میں اعلان کیا کہ بل پیش کرنے کی تحریک منظور ہو گئی ہے۔


































