
کراچی: کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں محفل مرتضیٰ میں ہرسال کی طرح اس سال بھی ہفتہ وحدت کے سلسلے میں محفل اتحاد مسلمین کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تلاوت کلام پاک کے بعد نعت رسول ص پیش کی گئیں۔ سیرت طیبہ کا پیغام کے عنوان سے مولانا اصغر درس، پروفیسر زاہد علی زاہدی، علی اکبر قاضی اور داؤد حسین نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب میں علامہ اصغر درس کا کہنا تھا کہ آقا علیہ صلوةوالسلام کی تعلیمات ہماری تعمیر و ترقی کیلئے کافی ہے۔ ڈاکٹر زاہد علی زاہدی کا کہنا تھا کہ سیرت النبی ﷺ کا ایک تاریخ ساز باب ہی امت کی رہنمائی کیلئے بہت ہے بس اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ علی اکبر قاضی، داؤد حسین مرزا اور دیگر کا کہنا تھا کہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم رحمت اللعالمین ص کا جشن ولادت منارہے ہیں۔ جلسے میں مشہور و معروف نعت خواں قاری وحید ظفر قاسمی فضل عباس مٹھانی والا نے بارگاہ رسالت ﷺ میں گلہائے عقیدے کے نذرانے پیش کئے۔ جلسے میں شیعہ امامیہ، اسماعیلی مسلم کمیونٹی، اہلسنت و دیوبند مکاتب فکر کے اکابرین شیعہ اثناء عشری علماء و ذاکرین سمیت دیگر مذہبی شخصیات سمیت نعت خواں اور عوام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔


































