
ریاض : سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سول جوہری پروگرام پر کام کررہے ہیں اور یہ کوئی راز کی بات نہیں ہے۔ ریاض میں امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن کیساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں شہزادہ فیصل نے کہا کہ سعودی عرب اپنے سویلین جوہری پروگرام کو فروغ دے رہا ہے۔ دنیا کی بہترین ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنا پروگرام تخلیق کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے خاص معاہدے کی ضرورت ہوگی۔ سعودی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ کچھ ممالک جوہری پروگرام کے لیے بولی لگا رہے ہیں۔ ہم اس پروگرام کے لیے امریکا کو شامل کرنے کو ترجیح دیں گے۔ بعض امور پر امریکا سے اختلافات ہیں اس لیے ایسا طریقہ کار تلاش کررہے ہیں کہ سویلین ٹیکنالوجی پر امریکا کے ساتھ مل کر کام کرسکیں۔


































