
بیروت : ایران نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ غزہ کے خلاف اپنے جنگی جرائم کو فوری طور پر روک دے ورنہ اسے مزاحمت کے بڑے زلزلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے بیروت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر حزب اللہ جنگ میں شامل ہوتی ہے تو جنگ مشرق وسطیٰ کے دیگر حصوں تک پھیل سکتی ہے، اور اسرائیل کو بڑے زلزلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حزب اللہ نے جنگ کے تمام منظرنامہ کو مدنظر رکھا ہے۔ میں ان منظرناموں کے بارے میں جانتا ہوں جو حزب اللہ نے وضع کیے ہیں۔ حزب اللہ جو بھی قدم اٹھائے گی وہ صیہونی وجود میں ایک زبردست زلزلہ برپا کرے گا۔ ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ میں جنگی مجرموں اور اس کی حمایت کرنیوالوں کو خبردار کرنا چاہتا ہوں۔ اس سے پہلےکہ غزہ میں شہریوں کے خلاف جرائم کو روکنے میں بہت دیر ہو جائے۔ غزہ پر اپنے حملے بند اور جنگی جرائم روکے۔


































