
گلگت: آج یکم نومبر کو گلگت بلتستان کا 74 واں یوم آزادی منایا گیا، گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرا راج سے اپنی مدد آپ کے تحت آزادی حاصل کی اور پاکستان میں شامل ہوئے۔
اس سلسلے میں تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں تقریبات ہوئیں۔ مرکزی تقریب آرمی ہیلی پیڈ جوٹیال گلگت میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون، وزیر اعلی گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید اور فورس کمانڈر میجر جنرل جواد احمد سمیت دیگر سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔ تقریب میں مختلف اسکولوں کے بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کئے جبکہ پاک آرمی، گلگت بلتستان اسکاوٹس، ریجرز اور پولیس کے دستوں نے مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ ادھر تحریک انصاف کے زیر اہتمام یوم آزادی کی تقریب پارٹی سیکرٹریٹ خومر گلگت میں منعقد ہوئی اور جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سینئر وزیر راجہ ذکریا خان مقپون تھے۔ پیپلزپارٹی کے زیر اہتمام جشن آزادی کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں جیالوں اور پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔ بوائز اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یادگار شہدا چنار باغ میں جشن آزادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی اسپیکر جی بی اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ شریک ہوئے۔ عوامی ایکشن کمیٹی نے اتحاد چوک پر جلسہ منعقد کیا جس میں عوامی و سماجی شخصیات شریک ہوئے۔ دوسری جانب گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع میں بھی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔


































