
نئی دہلی : ہندوستان میں ہندو انتہا پسندوں نے دو مسلمانوں کو بےرحمانہ تشدد سے قتل کردیا۔ پہلا واقعہ ریاست جھاڑکھنڈ کے علاقے رام گڑھ ضلع کے سکنی گاؤں میں پیش آیا۔ مویشی کے تاجر شمشاد انصاری پر ایک ہندو بزرگ سے پانچ ہزار روپے ٹھگنے کا الزام لگا کر ہجوم نے بری طرح مارا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور شمشاد کو ہجوم کے چنگل سے چھڑایا اور علاج کے لیے صدر اسپتال میں داخل کرایا، جہاں وہ رات گئے دم توڑ گیا۔ شمشاد کی اہلیہ نے پیسے ٹھگنے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھانجی کے جہیز کے فرنیچر کیلئے رقم لیکر نکلا تھا جسے لوٹنے کیلئے اسے بری طرح مارا گیا۔
ادھر ہریانہ کے ضلع سوہنا کے لکھواس گاؤں میں کھیت سے 28 سالہ عامر خان کی لاش ملی ہے۔ عامر خان 19 اگست سے لاپتہ تھا۔ اہل خانہ کا کہنا تھا کہ عامر کو بری طرح مارا پیٹا گیا ہے کیونکہ جسم پر زخموں کے بےشمار نشانات موجود ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق انہیں دوسرے رکشہ ڈرائیوروں سے پتہ چلا کہ وہ کچھ مسافروں کو حالیہ فرقہ وارانہ فسادات سے متاثرہ علاقے میوات لے گئے تھے۔ مقامی دیہاتیوں نے کھیتوں میں عامر کی لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ لاش بیڈ شیٹ میں لپٹی ہوئی تھی اور عامر کے تباہ شدہ آٹو سے کچھ دور ملی۔ خان کی بہن شہرونا نے بتایا کہ اسے شدید مارا پیٹا گیا، اور اس کے چہرے کو بھی نقصان پہنچا۔ مجھے نہیں معلوم کہ اسے مارنے کے لیے کیا استعمال کیا گیا تھا۔


































