
بیروت: لبنان کے دارالحکومت میں اسرائیل کے ڈرون حملے میں حماس کے نائب سربراہ صالح العاروری, دو کمانڈرز سمیت چھ افراد شہید ہوگئے۔ صیہونی فوج کے ڈرون نے بیروت کے علاقے جنوبیہ میں حماس کے دفتر کو نشانہ بنایا۔ دوسری منزل پر واقع دفتر پر 3 میزائل داغے گئے۔ جس سے عمارت کی دونوں منزلیں تباہ ہوگئیں۔
شہید صالح العاروری کو طوفان اقصیٰ کارروائی کے منصوبہ سازوں میں شمار کیا جاتا تھا۔ اور وہ اسرائیل کی ہٹ لسٹ میں پہلے نمبر پر تھے۔ وہ آج حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کے خطاب سے پہلے ملاقات کرنے والے تھے۔ لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں ناکامی کے بعد لبنان کو محاذ آرائی کے نئے مرحلے میں لے جانا چاہتا ہے۔ صالح العاروری کی شہادت کی اطلاع ملتے ہی مغربی کنارے میں رام اللہ اور دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔


































