
بنگلورو: جی ٹوئنٹی ممالک میں یوکرین جنگ کے معاملے پر اتفاق نہ ہوسکا۔ اجلاس اعلامیہ جاری کئے بغیر ختم ہوگیا۔ ہندوستان کے شہر بنگلورو میں جی ٹوئنٹی ممالک کے وزرائے خزانہ کا دورہ روزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں یوکرین میں روسی جنگ کا معاملہ سرفہرست رہا۔اجلاس کی میزبانی کرنے والا ہندوستان بھی روس یوکرین جنگ کا معاملہ اٹھانے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھا لیکن مغربی ممالک نے اصرار کیا کہ وہ جنگ کی شدید مذمت سے کم پر راضی نہیں ہوں گے۔ مغربی ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ یوکرین جنگ بہت زیادہ انسانی مصائب کا باعث بن رہی ہے اور عالمی معیشت میں موجودہ کمزوریوں کو بڑھا رہی ہے۔بیشتر رکن ممالک نے یوکرین جنگ کی شدید مذمت کی۔ تاہم چین اور روس نے مشترکہ بیان میں استعمال کی گئی زبان کی مخالفت کرتے ہوئے اعلامیہ پر دستخط سے انکار کر دیا۔ اجلاس کے بعد ہندوستان نے بطور صدر بیان جاری کیا جس کے مطابق یہ اجلاس مکمل اتفاق رائے پر منتج نہیں ہو سکا۔


































