
سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے نجی اسکول میں عبایا پر پابندی سے تنازع کھڑا ہوگیا۔ سری نگر کے علاقے ریناواری میں واقع وشو بھارتی اسکول نے طالبات کو عبایا پہن کر اسکول آنے سے روک دیا۔ اسکول انتظامیہ کے اقدام پر طالبات نے شدید احتجاج کیا۔ طالبات کا کہنا ہے کہ احتجاج پر انہیں کہا گیا کہ حجاب کرکے آنا ہے تو مدرسے جائیں۔ اسکول انتظامیہ کے اقدام کی دوسری جماعتوں کے ساتھ ساتھ ہندوتوا بی جے پی نے بھی مذمت کی ہے جو کرناٹک میں اپنی حکومت کے دوران حجاب پر پابندی لگاچکی ہے۔ مختلف حلقوں کے احتجاج پر اسکول انتظامیہ نے والدین اور طالبات سے معافی مانگ لی۔ انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا عبایا پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ طالبات سے صرف یہ کہا گیا تھا کہ وہ عبایا کو یونیفارم کے اوپر پہنیں۔ میڈیا کا کہنا ہے کہ پرنسپل کو ایک عسکریت پسند گروپ نے نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی جس پر انہوں نے معافی نامہ جاری کیا۔


































