
اسلام آباد : وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالدخورشید اور چینی سفیر شنگ جیانگ کے درمیان اسلام آبادمیں اہم ملاقات ہوئی۔ جس میں سی پیک منصوبوں اور دوطرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک میں جی بی کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ جے سی سی کے دسویں اجلاس میں رائیکوٹ تا تھاکوٹ موٹروے کا منصوبہ سی پیک میں شامل کیا گیا ہے۔ اس منصوبے پر جلد کام کا آغاز ہوگا۔ گلگت بلتستان میں ہائیڈرل منصوبوں میں بھی سرمایہ کاری کی جائے گی اور معدنیات کے شعبوں میں بھی مختلف منصوبوں میں تعاون کیا جائے گا۔ پاک چین دوستی مثالی ہے۔ چینی مزدوروں کی یاد میں ایک یادگار بنانے میں صوبائی حکومت کا تعاون درکار ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ کے مابین انتہائی قریبی اور مضبوط دوستی کا راستہ ہے، جس میں جی بی خصوصی حیثیت رکھتا ہے۔ چینی سفیر نے یقین دلایا کہ چین کی حکومت گلگت بلتستان کیلئے ہر ممکن تعاون یقینی بنائے گی۔شنگ جیانگ نے کہا کہ جی بی کیلئے ٹرانسمیشن لائن کی تنصیب کی سفارشات اعلیٰ چینی حکام کے سامنے رکھی جائیں گی۔ جی بی کیلئے گیس جنریشن پلانٹ کی تنصیب اور زرعی شعبے میں بھی خصوی تعاون کیا جائے گا۔ ملاقات میں چینی سفیر نے جی بی میں چینی سیاحوں کی آمد کو فروغ دینے کیلئے ویتنام طرز پر خصوصی پالیسی کے توسیع میں دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ جی بی کے تاجروں کو درپیش مسائل چینی حکومت کے اعلیٰ حکام کے سامنے رکھیں گے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی مزدوروں کی یاد میں یادگار کی تعمیر کے حوالے سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا مزید کہنا تھا کہ جی بی کی پاور پالیسی منظوری کے آخری مراحل میں ہے۔ پالیسی کی منظوری کے بعد چائینز سرمایہ کار جی بی میں موجود ہائیڈرل منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ خالد خورشید نے کہا کہ تاشغرتھنگ سے گلگت بلتستان میں لوڈشیڈنگ کے مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ نے چائینہ بارڈر پر بارڈر مارکیٹ متعارف کرانے کی تجویز پیش کی جس سے باہمی تجارت کو فروغ ملے گا اور کاروبار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ برآمدات اور تجارت کے فروغ کیلئے سوست بارڈر پر قرنطینہ ڈیپارٹمنٹ کے قیام کیلئے صوبائی حکومت معاونت فراہم کرے گی۔خالد خورشید نے کہا کہ گلگت میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر چاہتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے مابین تجارت کو مزید فروغ دیا جا سکے گا۔ وفاقی حکومت کو اسکردو سے اورمچی کیلئے خصوصی پروازیں شروع کرنے کی سفارش کی ہے۔ گلگت میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اکنامک زون کی تعمیر کیلئے حکومت چین کا خصوصی تعاون درکا ہے۔ وزیر اعلیٰ جی بی نے چینی سفیر کو گلگت بلتستان کے تاجروں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کو حل کرنے کیلئے اعلیٰ چینی حکام کے سامنے رکھا جائے۔ اس موقع پر وزیر اعلی خالد خورشید نے چینی سفیر کو گلگت بلتستان دورے کی بھی دعوت دی۔


































