
کراچی میں نمائش چورنگی سمیت کئی مقامات پر مائیں ، بہنیں ،بزرگ اور جوان احتجاج میں شریک، دہشت گردی کی اصل جڑ پر ہاتھ ڈالا جائے،مظاہرین کا مطالبہ
اسلام آباد ،لاہور، ملتان میں ریلیاں اور دھرنے ،قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ،قومی سلامتی کے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،علامہ راجہ ناصرعباس
کراچی :لاہور(نیوزڈیسک) سانحہ مچھ کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کراچی،لاہور ،اسلام آباد اور ملتان سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دئے گئے ،مظاہرین نے ہزارہ برادری کی نسل کشی پر شدید احتجاج کیا اور حکومتی بے حسی کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کامطالبہ کیا، کراچی کے بیدار اور غیور مومنین نے عباس ٹاوَن، انچولی ،ملیر پندرہ، ناتھا خان گوٹھ ،ملیر کالا بورڈ،ملیر کینٹ ،نمائش چورنگی،کامران چورنگی گلستان جوہر، پاور ہاوَس چورنگی ،داوَد چورنگی ،کھوکھراپار، اسٹیل ٹاوَن موڑ، قائدآباد، پورٹ قاسم سمیت کئی مقامات پر احتجاجی دھرنوں کا آغاز کردیا گیا، سینکڑوں کی تعداد میں مائیں ، بہنیں ،بزرگ اور جوان سرد موسم میں سڑکوں پر دھرنا دئے بیٹھے ہیں ، مجلس وحدت مسلمین ، شیعہ علماکونسل اور آئی ایس او کادوسری مذہبی تنظیموں کی جانب سے دھرنے کا اہتمام کیا گیا ہے،: نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو قرار واقعہ سزا دی جائے اور دہشت گردی کی اصل جڑ پر ہاتھ ڈالا جائے،اسلام آباد دھرنے میں شریک سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ داعش کاسانحہ مچھ کی ذمہ داری قبول کرنا قومی سلامتی کے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ہزارہ کمیونٹی پر 1600سے زائد حملے کیے جا چکے ہیں ، قاتلوں کا کیفر کردار تک نہیں پہنچنا قانون و انصاف کا قتل ہے، لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں جوانوں بزرگوں اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی، شرکا نے سوال کیا کہ آخر کب تک ہمیں شیعہ شناخت پرقتل کیا جائے گا، ملتان میں جامعہ مخزن العلوم الجعفریہ تا علمدار چوک سورج میانی احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا، مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور بعد ازاں نواں شہر چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، مقررین نے کہاکہ موجودہ حکومت سابقہ ادوار کی طرح عوام کی توقعات پورا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور کوئٹہ دھرنے کے شرکا کے مطالبات تسلیم کئے جائیں ، داعش کے اعلانیہ حامی رمضان مینگل اور مولوی عبدالعزیز کو فوراً بھانسی دی جائے۔


































